ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : دو ٹپر لاریاں پولس اسٹیشن کے احاطہ میں موجود ہونے کی رپورٹ کے بعد بھٹکل عدالت نے ٹِپر کو عدالت میں پیش کرنے کا دیا حکم

بھٹکل : دو ٹپر لاریاں پولس اسٹیشن کے احاطہ میں موجود ہونے کی رپورٹ کے بعد بھٹکل عدالت نے ٹِپر کو عدالت میں پیش کرنے کا دیا حکم

Thu, 18 Mar 2021 12:46:00    S.O. News Service

بھٹکل 18 مارچ (ایس او نیوز)   کورٹ کمیشن کی اس رپورٹ کے بعد کہ عرضی گذار کی دونوں ٹِپر لاریاں پولس اسٹیشن کےاحاطے میں موجود ہیں،    بھٹکل جے ایم سی عدالت نے     مقررہ کورٹ  کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ دونوں ںٹِپر لاریوں کو عدالت کے سامنے پیش کرے۔ 

دراصل  بھٹکل کے  محمد فرحان شاہ بندری نے  عدالت میں شکایتی عرضی داخل کی تھی کہ مورخہ 7 جنوری کو   بھٹکل کے صدیق اسٹریٹ میں  کام کرنے کے دوران اچانک پولس  آفسران نے بنا کوئی وجہ بتائے، ان کی دونوں ٹپر  لاریوں کو  اپنی تحویل میں لے  لیا اور پولس اسٹیشن  کے احاطے میں  لے جاکر رکھ دیا۔ فرحان نے عدالت  کو  بتایا  کہ قریب ڈھائی ماہ سے اس کی دونوں ٹپر لاریاں بغیر کسی وجہ کے غیر قانونی طور پر   پولس اسٹیشن میں  رکھی گئی   ہیں اور  ابھی تک     کوئی معاملہ بھی درج نہیں کیا گیا ہے، ٹِپر لاریاں  نہ ہونے کے نتیجے میں اس کا کاروبار  مکمل طور پر ٹھپ پڑ گیا ہے۔فرحان  نے عدالت سے فریاد کی   کہ  خاطیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے  ان کے نقصان کی بھرپائی کی جائے۔

فرحان کی طرف سے کنداپور کے  ایڈوکیٹ  این ایس آر بھٹ نے  پیروی کرتے ہوئے  عدالت سے درخواست کی تھی کہ پولس اسٹیشن کے احاطے میں  دونوں ٹِپر لاریوں  کو تلاش کیا جائے، جس پر عدالت نے ایک وکیل پر مشتمل کورٹ کمیشن نامزد کیا تھا اور  کورٹ کمیشن کو حکم دیا تھا کہ وہ پولس اسٹیشن کے احاطے میں  شکایت کنندہ کی دونوں ٹپر لاریوں کو تلاش کرے اور اپنی رپورٹ عدالت کو سونپیں۔اس تعلق سے کمیشن کی طرف سے بدھ کو  عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی۔

 ایڈوکیٹ این ایس آر  بھٹ نے  اخبار نویسوں کو بتایا کہ  کمیشن نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو بتایا ہے کہ دونوں ٹپر لاریاں پولس اسٹیشن کے احاطے میں موجود ہیں، جس کے بعد عدالت نے کمیشن کو حکم دیا کہ ان دونوں ٹپر لاریوں کو عدالت کے  روبرو پیش کرے۔ ایڈوکیٹ  این ایس آر بھٹ نے بتایا کہ  پولس نےقریب ڈھائی ماہ سے   غیر قانونی طور پر فرحان کی ٹپر کو اپنی تحویل میں لے رکھا ہے اور اسے  تنگ  کررہی ہے۔ عدالت نے  فرحان کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے  سرچ وارنٹ جاری کیا تھا جس کے بعد اب بھٹکل عدالت نے   کورٹ  کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ پولس اسٹیشن کے احاطے میں موجود  دونوں ٹپر لاریوں کو اپنی تحویل میں لے کر عدالت لے آئیں۔ فرحان کے ایڈوکیٹ نےبتایا کہ عدالت میں دونوں ٹپر لاریاں لانے کےبعد اب  آگے کی کاروائی مکمل کی جائے گی۔


Share: